موڈبدری یکم فروری (ایس او نیوز) یہاں پر واقع اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے اے ٹی ایم بوتھ میں رات کے 9.30بجے کے قریب اچانک آگ بھڑک اٹھنے سے وہاں موجود کیش نکالنے اور کیش جمع کرنے کی مشینیں جل کر بھسم ہوگئیں۔
موصولہ تفصیلات کے مطابق ایس بی آئی کا یہ بوتھ شہر کا سب سے زیادہ مصروف بوتھ ہے۔ اس کے اندر کیش ودڈراول اور کیش ڈپازٹ کی مشینیں لگی ہوئی تھیں اورکچھ گاہک مشین استعمال کرنے کے انتظار میں کھڑے تھے کہ اچانک سائرن بجنے لگا۔ اندر موجود لوگ خوفزدہ ہوکر باہر کی طرف بھاگ کھڑے ہوئے۔ اسی وقت مشینوں میں آگ بھڑک اٹھی۔ مقامی لوگوں نے فوری طور آگے بڑھ کر بوتھ میں موجود آگ بجھانے کے سلینڈر سے آگ پر قابو پالیا۔ لیکن تب تک دونوں مشینیں ، ایئر کنڈیشن مشین اور الیکٹرک فٹنگس پوری طر ح جل کر تباہ ہوچکے تھے۔
آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور اسٹیٹ بینک کے برانچ منیجر نے موقع پر پہنچ کا معائنہ کیا۔ گمان کیا جاتا ہے کہ شارٹ سرکیوٹ کی وجہ سے یہ آگ لگی ہوگی۔ابھی یہ پتہ نہیں چل پایا ہے کہ اندر جو کیش رکھا ہوتا ہے وہ سلامت ہے یا پھر وہ بھی جل کر خاک ہوا ہے۔